فیصل آباد میں زہریلی شراب
فیصل آباد میں زہریلی شراب پینے سے مزید 2 افرا د زندگی کی بازی ہار گئے، 2 روز میں شراب پی کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 سے زائد ہوگئی۔ پولیس حکام نے 15 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ فیصل آباد کے علاقے بٹالہ کالونی سے ملحقہ آبادیوں وارث پورہ، برکت پورہ ،جیلانی پورہ ، نواز پارک اور شہر کے وسطی علاقے کرسچن ٹاوٴن میں موت کارقص جاری ہے، 2 روز قبل زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ اہل علاقہ کے مطابق اب تک شراب پی کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 سے زائد ہو چکی ہے۔ مائیں اپنے بچوں کی نعشوں سے لپٹ کر بین کر رہی ہیں، لواحقین شراب فروخت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آج بھی مزید 2 افراد زہریلی شراب کا شکار ہو گئے جبکہ 11 اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ان میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ ایس ایس پی آپریشن فیصل آباد مبشر میکن نے 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ افسوس انتظامیہ حرکت میں آئی بھی تو اس وقت جب پانی سر سے گزرگیا اورکئی افراد موت کی آغوش میں جاچکے تھے۔
شرم تم کو کیوں نہیں آتی؟
حیرت ہے اس خبر کو دیکھ کر شاید لوگوں کو رونا آتا ہو لیکن مجھے غصہ آ رہا ہے. کیا یہ سارے مرنے والے غیر مسلم ہیں؟ اور اگر ہاں سارے غیر مسلم ہیں تو اس حرمت والے مہینے میں شراب کے بے دریغ استعمال پر ان مرئے ہووں کو بھی جرمانہ ہونا چاہیئے اور جو بچ گئے ہیں ان کو لڑکا دیا جائے
.
اور اگر یہ مسلمان ہیں تو پھر تو افسوس کرنے کی ضرورت ہی نہیں. یہ اپنے انجام تک پہنچ گئے ہیں، بجائے کہ واویلہ کرنے کے بہتر ہوگا کہ ان کی مغفرت کی دعا کی جائے. کیوں کہ ایسی موت استغفراللہ ، استغفراللہ اور وہ بھی رمضان میں،
اب اس کو ان کی بدقسمتی کہیں یا قدرت کا انصاف ، لیکن جو غم اپنے پیچھے چھوڑ کر گئے ہیں اس کا کیا مداوا.
لعنت ہو اس میڈیا پر ایک بار بھی کسی نے یہ نہیں کہا کہ ان لوگوں کا قصور ہے بلکہ لگی بندھی روٹین میں وہی رونا رو رہیں ہیں کہ انتظامیہ کی نا اہلی جو دیر سے حرکت میں آئی اور کسی کو ابھی تک پکڑا نہیںگیا.
مطلب! کونسا نیک مشروب تھا جو زہریلا ہو گیا اور معصوم لوگوں کی جانیں چلیں گیئیں. اور یہ کوئی پہلی بار تو ہے نہیں کراچی میں، سیالکوٹ میں بار ہا ایسے واقعات ہو چکے ہیں.
لعنت ہو ،خبر پڑھ کر یوں لگتا ہے جیسے شراب پینا کوئی جرم بھی نہیں اور بہت اچھی بات ہے بس برائی یہ ہے کہ اسکی کوالٹی اچھی نہیں تھی اس لئے ایسا ہوا ہے، اچھی کوالٹی کی ہوتی تو جانی نقصان نا ہوتا. لعنت ہو اس بات پر.
میرا بس چلے تو میں ضرور بچ جانے والوں کو سزا دوں. اور جو مر گئے وہ تو اپنے انجام کو جا پہنچے ہیں ان کے لئے توصرف مغفرت کی دعا کی جاسکتی ہے.
اللہ پاک ہم سب پر اپنا کرم فرمائے، خاتمہ ایمان پر ہو، جیسے مسلمان پیدا ہوئے ہیں ویسے ہی اس جہان فانی سے مسلمان اٹھائے جائیں.
آمین ثم آمین