Wednesday 6 June 2012

حیا و رضا کی پتلی: مکہ کار ایکسیڈنٹ میں اپنا شوہر کھونے والی ایک عرب خاتون کی ایمان افروز داستان


Thanks AHWAL, تحریر: کائنات فاطمہ
میں کار پر مکہ جا رہا تھا۔ راستے میں اچانک میرے سامنے کار کا ایک حادثہ ہوا۔ صاف معلوم ہورہا تھا کہ یہ بہت خوفناک حادثہ ہے۔ میں ہی تھا جو سب سے پہلے یہاں پہنچا۔ میں نے اپنی گاڑی کھڑی کردی۔ جلدی سے باہر نکلا اور اس گاڑی کی طرف لپکا تاکہ اس میں جو بھی سوار ہے اس کی جان بچائوں۔ ڈرتے ڈرتے اس کے قریب گیا۔ جونہی اس گاڑی میں جھانکا تو میرا دل تیزی سے دھڑکنے لگا۔ دونوں ہاتھوں پر کپکپی طاری ہوگئی۔ اس ہولناک منظر کی وجہ سے مجھے اپنا سانس رُکتا ہوا محسوس ہوا۔ میری آنکھوں میں نمی آگئی۔عجیب منظر تھا۔ کار کا ڈرائیور بے حس و حرکت سٹیرنگ کے ساتھ لگا ہوا تھا۔ وہ اُنگشت شہادت سے اشارہ کررہا تھا۔ اس کا چہرہ روشن تھا جس پر گھنی ڈاڑھی اپنی بہار دکھا رہی تھی۔ یوں لگتا تھا گویا وہ چاند کا ٹکڑا ہے۔
میں نے دیوانہ وار گاڑی کے اندر ادھر اُدھر دیکھا۔ ایک چھوٹا سابچہ نظر آیا۔ وہ اس کی پشت کے ساتھ چمٹاہوا تھا۔ اس نے اپنے دونوں ہاتھ ڈرائیور کی گردن میں ڈالے ہوئے تھے۔ وہ زندگی کو الوداع کہہ چکا ہے۔
میں نے اس جیسی کوئی میت نہیں دیکھی۔ اس کے چہرے پر سکون تھا ، وقار تھا۔ چہرہ سورج کی طرح چمک رہا تھا۔ انگشت شہادت فوت ہوجانے کے باوجود اللہ کی وحدانیت بیان کررہی تھی۔ اس کا تبسم ابھی تک جوان تھا۔ گزرنے والوں کی گاڑیاں اس کار کے پاس کھڑی ہونے لگیں۔ چیخ پکار مچ گئی۔ یہ سب کچھ بڑی تیزی سے ہوا۔ میں بھول ہی گیا کہ یہ تو دیکھوں گاڑی میں اور کون کون ہے۔ میں بچے کو گم پانے والی ماں کی طرح رونے لگا۔
کچھ معلوم نہ تھا کہ میرے ارد گرد کون ہے۔ جس نے بھی دیکھا، یہی گمان کیا کہ میں میت ہی کا کوئی قریبی عزیز ہوں۔ کچھ لوگ چلائے۔ انھوں نے ایک عورت اور دو بچوں کو پچھلی سیٹ پر دیکھا۔مجھے اور زیادہ صدمہ ہوا۔ میں پچھلی سیٹ کی طرف متوجہ ہوا۔ ایک عورت اپنا لباس سمیٹے بیٹھی تھی۔ اس نے اپنے حجاب کو مضبوطی سے سنبھال رکھا تھا۔ وہ چپ چاپ ہماری طرف دیکھ رہی تھی۔ اس نے دو چھوٹے بچوں کو سینے سے چمٹا رکھا تھا۔ اللہ کی قدرت کہ انھیں کوئی گزند نہیں پہنچا تھا۔
حادثے کی وجہ سے وہ لرزہ براندام تھے۔ خاتون اللہ کاذکر کر رہی تھی اور دونوں بچوں کی ڈھارس بندھا رہی تھی۔ مجھے یوں محسوس ہوا جیسے وہ ہمت اور حوصلے کی چٹان ہے۔ وہ پوری ثابت قدمی سے کار سے اترنے کی کوشش کرنے لگی۔ وہ رو رہی تھی نہ چلا رہی تھی نہ کوئی واویلا کر رہی تھی۔
ہم سب نے مل کر انھیں کار سے نکالا۔ جس نے بھی مجھے دیکھا اس نے یہی محسوس کیا کہ میں بھی ان کے ساتھ مصیبت میں مبتلا ہوں۔ میں بہت رویا۔ لوگ میری طرف دیکھ رہے تھے۔ وہ خاتون میری طرف متوجہ ہوئی اور کار سے اترتے اترتے بھرائی ہوئی آواز میں بولی: ’’اخی فی اللہ!آپ اس پر نہ روئیں۔ وہ بلاشبہ نیک آدمی تھا۔ پھر اس پر آنسو غالب آگئے اوراس کی آواز ڈوب گئی۔
وہ عورت کار سے اتری تو اس نے دو بچوں کو اپنے ساتھ چمٹا رکھا تھا۔ اس نے اپنے حجاب کا جائزہ لیا۔ اس کی سلوٹیں ٹھیک کیں۔ جب اس نے لوگوں کی بھیڑ دیکھی اور شور سنا تو اپنے بچوں کو لے کر دور چلی گئی۔ ایک نیک بخت آدمی آگے بڑھا اوراس کے بچے کو اٹھا کر ہسپتال پہنچا دیا۔ وہ دور سے کھڑی دیکھ رہی تھی اوراپنے بچوں کی نگاہ کو ان کے باپ اور بھائی کی طرف جانے سے روکنے کی کوشش کر رہی تھی۔
میں اس خاتون کی طرف متوجہ ہوا اور ادب سے عرض کیا: ’’آپ تشریف لائیے۔ میری کار میں سوار ہوجائیے۔ میں آپ کو آپ کے گھر پہنچا دوں گا۔‘‘ اس نے بڑے مضبوط اور پروقار لہجے میں جواب دیا: ’’اللہ کی قسم! میں صرف اس گاڑی میں سوار ہوں گی جس میں عورتیں ہوں گی۔‘‘ آس پاس کھڑے ہوئے لوگ چل پڑے۔ ہر شخص اپنا رستہ ناپ رہا تھا۔ میں دور کھڑا اس مغموم خاتون کو دیکھ رہا تھا اورمحسوس کر رہا تھا کہ مجھ سے اس خاتون کے بارے میں سوال کیاجائے گا کہ تو نے اس کی مدد کیوں نہیں کی۔ بڑا وقت گزر گیا۔ ہم اس مشکل کی گھڑی میں انتظار کی حالت میں کھڑے رہے۔ وہ خاتون اٹل پہاڑ کی طرح استقامت سے کھڑی رہی۔ دو گھنٹے گزر گئے۔ یکایک ہمارے پاس سے ایک کار گزری۔ اس میں ایک آدمی اوراس کا خاندان سوار تھا۔ میں نے اسے روکا۔ اس الم نصیب خاتون کو پیش آمدہ درد ناک حادثے کا ماجرا سنایا اوراس سے درخواست کی کہ اس خاتون کو اپنی گاڑی میں بٹھا لیجیے اوراس کے گھر پہنچا دیجیے۔
وہ مان گیا۔ خاتون اپنے بچوں کو لے کر صبر اور وقار کے ساتھ آگے بڑھی اور گاڑی میں سوار ہوگئی۔ میں یوں محسوس کررہا تھا جیسے وہ خاتون عورت نہیں، استقامت کا پہاڑ ہے۔
میں اپنی کار کی طرف لوٹ آیا۔ میں اس کے صبر جمیل پر حیران تھا۔ میں نے اپنے دل میں کہا: ’’دیکھ، اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندے کے اہل و عیال کی اس کے اٹھ جانے کے بعد کس طرح حفاظت فرماتا ہے۔‘‘
مجھے فوراً اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان عالی شان یاد آیا:

ان الذین قالوا ربنا اللہ ثم استقموا تتنزل علیہم الملئکۃ الا تخافوا ولا تحزنوا وبشروا بالجنۃ التی کنتم توعدون۔ نحن اولیائوکم فی الحیوۃ الدنیا وفی الآخرۃ
’’بلا شبہ جن لوگوں نے کہا کہ اللہ ہی ہمارا رب ہے، پھر (اس پر) استقامت کی، ان پر فرشتے (یہ کہتے ہوئے) اترتے ہیں کہ تم نہ ڈرو اور نہ غم کھائو اوراس جنت سے خوش ہوجائو جس کا تم سے وعدہ کیاجاتا تھا۔ ہم دنیاوی زندگی میں بھی تمھارے دوست تھے اورآخرت میں بھی (تمھارے رفیق) ہیں۔‘‘)حٰمٓ السجدۃ 31,30:41)

ہاں! تم جو کچھ دنیا میں چھوڑ کر جارہے ہو۔ اس بارے میں مت ڈرو۔ ہم دنیا میں تمھارے ولی ہیں۔ ہم تمھارے اہل کی حفاظت کریں گے۔ ڈر اور خوف کی حالت میں انھیں سکون دیں گے، ان کے دلوں کو مضبوط کریں گے، ان کے رزق کی کفالت کریں گے اور ان کی عزت میں اضافہ کریں گے۔

سبحان اللہ! قرآن پاک نے کیسی ایمان افروز ضمانت دی ہے اور کتنی پیاری پیاری باتیں ارشاد فرمائی ہیں۔آہ! اللہ پاک کتنا رحیم و کریم ہے اور ہم کتنے غافل ہیں!
محترم بہنو اور بھائیو! کیا اب بھی وہ وقت نہیںآیا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے خوف سے ڈر جائیں۔ غفلت اور گناہوں کی زندگی ترک کردیں اوراپنے اس محسن پروردگار کی بندگی اختیارکرلیں جو حی و قیوم ہے۔ جسے کبھی موت نہیں آئے گی۔ وہ ایسا زبردست غنی ہے جو دینے میں کبھی بخل نہیں کرتا۔ یہ کتنی اچھی اور کیسی خوش بختی کی بات ہوگی کہ وہ ہمیں رات کے سناٹے میں روتادیکھے اور دن کے وقت اپنے مقدس کلام کی تلاوت میں مصروف پائے۔ یہ بات اللہ کو کتنی پیاری لگے گی کہ وہ ہمیں اس حالت میں دیکھے کہ ہماری نگاہ حرام چیزوں کو دیکھنے سے بچی ہوئی ہے۔ نہ ہم کسی غیر محرم عورت کو دیکھیں نہ کوئی لچر بات کریں، نہ سنیں۔

3 comments:

  1. Indeed a beautiful story... JazakAllah for sharing!

    ReplyDelete
  2. ایک ایمان افروز قصہ۔۔۔ جزاک اللہ

    ReplyDelete
  3. Mashallah, subhanaalah, wa wa wa wa

    Accident ho gya Police bhi ayi ho gi, laikin police ne ARAB KHATOOn ko aisay hi be yar o madadgar chor diya.

    ReplyDelete